حمنیٰ ایم مجتبیٰ
اللہ پاک نے آدم سے منسلک کئ رشتے بنائے اور ان سے کئ لڑیاں جوڑی۔ جن میں سے سب سے خوبصورت اور انمول رشتے کی فہرست میں اول نمبر پر والدین ہیں اور دوسرے پر میاں بیوی کا تعلق آتا ہے۔
آدم کی تنہائی دور کرنے کے لیے حوا کو بھیجا گیا سب سے بہترین اور پاک ساتھ جو ہر قدم پہ ساتھ چلی، دکھ میں آنسو پہنچے، خوشی میں وہ پل بانٹے اور درد و تکلیف کو پی لیا۔ میاں بیوی کا رشتہ ایسے ساحر کی مانند ہے کہ نکاح کے بول کے بعد اس کے اسیر میں ایسی طاقت ہے جو آپ کا دکھ درد اور خوشی بانٹ لیتا ہے۔
جس کے اثر میں ہر شے خوبصورت ہر طرف محبت کی فضا بکھری رہتی ہے جو آپ کے کانٹوں بھری زندگی میں ان کانٹوں پر سے گزرنا آسان کر دیتا ہے۔
جب آپ زندگی کی ٹھوکریں کھا کر گرتے ہوں تو اس ساتھ کا ہاتھ تھام کر آپ پہلے سے زیادہ مضبوطی سے ڈٹ کر کھڑے ہو جاتے ہو۔ دنیاوی نشتر کھانے کے بعد جب آپ کا سینہ چھلنی ہو جائے تو اس ساتھ کے گلے لگ کر آپ کے زخم بھر جاتے ہیں۔
انسان کو فطری طور پر ایسا پیدا کیا گیا ہے کہ وہ تنہا نہیں رہ سکتا اس کو ضرورت ہوتی ہے ساتھ کی جس سے وہ دل کا حال کہہ سکے، جس سے وہ اپنا درد کر سکے، جس سے وہ اپنی زندگی کو بانٹ سکے، اس کے لئے خدا باری تعالی نے انسان کو ایک خوبصورت رشتے میں باندھ کر اس کی طرح کی مٹی سے بنا آدم اس کے لیے بھیجا جو اس کی زندگی میں اس کی جنت بنا سکے۔
وہ آپ اور ہم ہی ہیں جس نے اس رشتے کو بوجھ بنایا ہے، اسے ڈپریشن بنایا ہے، ایسی ہائیپ بنائی ہے کہ شادی کے نام سے دل گھبرانے لگ جاتا ہے اور دوسرا مطلب جو اس رشتے کا بنا دیا ہے وہ محض ہوس ہے کہ جسمانی پیاس بجھی اور بس رشتہ تمام۔ جب کہ اس کے اصل معنی تو کچھ اور ہی ہے انتہائی پاک اور احترام و عزت کے۔
یہ تو ایسا احترام اور دوستانہ رشتہ ہے جس کے بعد آپ کو دل کی بات بتانے کے لئے کسی تیسرے کی ضرورت پیش نہیں آتی، جس کے بعد آپ کو اپنے آنسوؤں کے لیے تیسرا کندھا درکار نہیں ہوتا، جس کے لئے آپ کو خوشیاں بانٹنے کے لیے کوئی ڈھونڈنا نہیں پڑتا۔
بہترین دوست، بہترین ماہر نفسیات، بہترین ساتھی سب ایک شخص کی صورت کے طور پر جنت کے انمول تحفوں میں سے ایک خاص تحفہ آپ کے پاس بھیجا ہے۔
اگر آپ کے ہمسفر کے ہوتے ہوئے بھی آپ کو کسی تیسرے کی ضرورت پیش آتی ہے تو آپ کے رشتے میں کمی ہے اس کمی کو دور کیجئے۔ بے شک یہ سب سے خوبصورت رشتہ سب سے بدترین بھی ہے اگر آپ کا ہمسفر آپ کا ہم ذہن نہیں آپ کے درد کا یا خوشی کا رفیق نہیں تو اس سے بدترین کچھ بھی نہیں۔
کوشش کیجئے اس جنت سے پاک رشتے کو جنت ہی رکھیے نہ کہ جہنم بنائیں بے شک قیامت کے روز اس سے متعلق آپ کا سخت حساب ہوگا

MashaAllah Bilkul
ReplyDeletePost a Comment